اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر جے یو آئی آج ملک بھر میں یوم تشکر منائے گی۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق قوم اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لائے کہ آئین میں اسلامی دفعات کو مزید تحفظ ملا، مساجد مدارس میں نوافل اور دعاؤں کا اہتمام کیا جائے۔
جے یو آئی ترجمان نے کہا کہ آئمہ و خطبا حضرات سود کی حرمت بارے عوام کو آگاہی دیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی پارلیمنٹ سے حال ہی میں منظور ہونے والی 26 ویں آئینی ترمیم میں ربا (سود) کے خاتمے سے متعلق شق بھی شامل ہے، اس آئینی ترمیم کے مطابق حکومت یکم جنوری 2028 تک سود کا مکمل طور پر خاتمہ کرے گی۔