سکیورٹی خدشات: اڈیالہ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی

Published On 22 October,2024 11:33 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کی، عمران خان کی جانب سے معاون وکیل عنصر کیانی جبکہ نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈووکیٹ عنصر کیانی نے کہا کہ تھوڑا وقت دے دیں میں سینئر کونسل سے کنفرم کر لیتا ہوں، سینئر وکلاء اسلام آباد ہائی کورٹ میں مصروف ہیں میں ہدایات لے کر عدالت کو بتاتا ہوں جس پر عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔

وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عنصر کیانی نے عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ جیل میں سکیورٹی کے حوالے سے نوٹیفکیشن میں توسیع ہوگئی ہے اڈیالہ جیل میں اس وقت کیس کی سماعت نہیں ہو سکتی۔

جس پر احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سکیورٹی خدشات کے باعث قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی میں مزید توسیع کر دی گئی ہے اور سپرنٹنڈنٹ جیل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کر دی ہے۔