اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی کی ذاتی معالجین سے طبی معائنے کے لئے دائر درخواست کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہو گئی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کل بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کریں گے، بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چودھری کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
درخواست کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین کو رسائی نہیں دی جا رہی، بانی پی ٹی آئی سابق کھلاڑی اور 72 سال عمر ہے، بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم ہیں، ڈاکٹر عاصم کو 15 اکتوبر کو بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں دی گئی۔
ذاتی معالجین عمران خان کی میڈیکل ہسٹری سے آگاہ ہیں، ڈاکٹر عاصم یوسف ، ڈاکٹر فیصل سلطان ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو پندرہ روزہ شیڈول کے مطابق چیک اَپ کا اجازت نامہ جاری کیا جائے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر ثمینہ نیازی اور ایک ای این ٹی ڈاکٹر کو فی الفور معائنہ کے لئے اجازت دی جائے، درخواست میں چیف کمشنر اسلام آباد اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔