پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ جاری ہے، اس حوالے سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کولائی پالس، سوات، شانگلہ، بونیر، دیر لوئر اور باجوڑ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوگیا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
حکام کے مطابق رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 45 ہزار 604 ہے جبکہ ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے صوبے میں 260 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صوبہ بھر میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کیلئے 6500 سے زیادہ اہلکار تعینات ہیں جبکہ پشاور میں 800 سے زیادہ اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔