کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے مزدوروں کی کم سے کم اجرت 37 ہزار روپے کرنے کی منظوری دیدی۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بہتر پولیسنگ بھِی اہم ایجنڈا تھا جس کے تحت سندھ بھر کے 407 پولیس تھانوں کو براہ راست بجٹ کے علاوہ ایس ایچ اوز کو خصوصی فنڈز جاری کرنے کا اختیار دے دیا گیا۔
فیصلے کے تحت صوبے میں مختلف کیٹیگریز کے تھانوں کیلئے علیحدہ علیحدہ بجٹ ہوگا، کراچی ڈویژن میں اے کیٹیگری کے 37 تھانوں کو ایک کروڑ 52 لاکھ روپے کا بجٹ دیا گیا ہے جبکہ ایس ایچ اوز کو ایک ماہ میں 2 لاکھ روپے کا بجٹ خرچ کرنے کا اختیار ہو گا۔
اجلاس میں سندھ پبلک سروس کمیشن کے ضوابط میں بھی ترمیم کی منظوری دی گئی جس کے تحت کمیشن مستقبل میں خالی اسامیوں کیلئے ویٹنگ لسٹ ترتیب دے سکے گا۔
اجلاس میں تھرپارکر میں این جی او ہیلپ کے تعاون سے 9 ڈسپینسریز چلانے اور محکمہ صحت کی 731 مختلف اسامیاں ختم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
سندھ کابینہ کے اجلاس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو عوام پر بھاری جرمانے کرنے سے روکا جائے۔