لاہور:(دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کانسٹیبل عبدالحمید کی شہادت کا ذمہ دار نو مئی کا مجرم ہے۔
لاہور میں بیان دیتے ہوئے سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جو ایک بے شرم نارسسٹ اور فاشسٹ شخص ہے، ‘ میں نہیں تو کچھ بھی نہیں ‘ ’میں نہیں تو پاکستان پر ایٹم بم گرا دو‘’میں نہیں تو ملک کو آگ لگادو‘ مار دو سب کچھ جلا دو کی قابل مذمت سوچ پاکستانی کی سوچ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خیبر پختونخوا سے علی امین گنڈا پور کو اسلحہ، آنسو گیس کے شیل، شیشے والی غلیلیں دے کر لاشیں گرانے، خون خرابہ کرنے، گولیاں چلانے اور اسلام آباد پر چڑھائی کرانے بھجوایا۔
وزیرمریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پولیس، رینجرز پر حملے کرائے، سر اور آنکھیں پھوڑیں، کل کا دن در اصل 9 مئی 2 تھا، 9مئی کو نشانہ قومی سلامتی کے ادارے تھے اور مقصد ادارے کی سربراہی پر قبضہ کرانا تھا، کل نشانہ جمہوری ادارے تھے اور مقصد شنگھائی کانفرنس ملتوی کروانا اور عدلیہ پر قبضہ کرنا تھا۔
سینئرصوبائی وزیر نے کہا کہ دونوں سازشوں کا خالق ایک ہی فرد ہے کیونکہ فتنے کو معلوم ہوچکا ہے کہ خارجہ تعلقات درست راہ پر آگئے ہیں، معیشت پھر پٹڑی پر واپس آگئی ہے اور اس کی فتنہ سیاست ختم ہو چکی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو ملک کے خلاف اِس ملک دشمن سازش کا حصہ بن رہے ہیں وہ سب پاکستان کے اور قوم کے مجرم ہیں۔