اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ملائشین وزیراعظم 2ا کتوبر کو پاکستان آئیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق ملائشین وزیراعظم ڈاکٹر انور ابراہیم 2 سے 4 اکتوبر 2024 تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، ملائشین وزیراعظم کے ہمراہ وزراء، نائب وزراء اور اعلیٰ حکام کا وفد بھی ہوگا، ملائشین وزیراعظم ڈاکٹر انور ابراہیم وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ملاقات کریں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ فریقین تجارت، توانائی، زراعت، حلال صنعت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کریں گے، ثقافتی تبادلوں اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت پاکستان اور ملائشیا کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے پر تبادلہ خیال ہوگا، فریقین علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی بات کریں گے۔
ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور عقیدے سے جڑے مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں، یہ دورہ پاک ملائشیا تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔