اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اور دیگر کو کڈنی ہلز ریفرنس میں بڑا ریلیف دے دیا۔
قائم مقام چیئرمین نیب سہیل ناصر نے جج ناصر جاوید رانا کی عدالت میں درخواست دائر کی۔
نیب نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ 19 جنوری 2021ء میں 7 ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر ہوا، ریفرنس کا معاملہ ستمبر میں ایکزیگٹیو بورڈ میٹنگ کے سامنے رکھا گیا، اجلاس میں ملزمان کے خلاف اتھارٹی کا غلط استعمال سامنے نہیں آیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ حکومت کو ایک روپے کا بھی نقصان نہیں ہوا، نقصان ہوا بھی تو پرائیویٹ فرد کا ہوا، سلیم مانڈوی والا کا کڈنی ہلز معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔
نیب نے درخواست میں استدعا کی کہ احتساب عدالت چاہے تو قانون کے مطابق تمام ملزمان کو بری کر دے، چیئرمین نیب پراسیکیوٹر جنرل سے مشاورت کے بعد نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ریفرنس نہیں بنتا تھا۔
بعدازاں عدالت نے نیب کی سلیم مانڈوی والا اور دیگر کے خلاف ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا سمیت دیگر ملزمان کو کڈنی ہلز ریفرنس سے بری کر دیا۔