پی ٹی آئی جلسہ: ڈی سی لاہور کو 30 ستمبر تک درخواست پر فیصلے کی ہدایت

Published On 26 September,2024 11:07 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی مینار پاکستان پر جلسہ کی درخواست پر ڈی سی لاہور کو 30 ستمبر تک فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے پی ٹی آئی کی مینار پاکستان پر جلسے کیلئے دائر اکمل خان باری کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ مینار پاکستان پرجلسہ کرنے کی ہماری درخواست ڈی سی لاہور کے پاس زیر التواء ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سالگرہ پانچ اکتوبر کو ہے، اس دن پرامن جلسہ کرنا چاہتے ہیں۔

عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ 30 ستمبر تک ڈی سی لاہور اس درخواست پر فیصلہ کریں، ڈی سی لاہور، ہائیکورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو اس حوالے سے رپورٹ جمع کروائیں۔