لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور شیخ امتیاز محمود کی درخواست پر سماعت کریں گے، درخواست میں حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت ہے، تحریک انصاف نے لاہور میں جلسے کیلئے متعدد درخواستیں دیں، سیاسی بنیادوں پر پی ٹی آئی کو لاہور میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
دائر درخواست میں مزید کہا گیا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کو 21 ستمبر کو مینار پاکستان پر جلسے کیلئے درخواست دی ہے، ڈی سی لاہور پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہیں دے رہے، جلسہ کرنا ہر سیاسی جماعت کا بنیادی آئینی حق ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت دینے کا حکم دے۔