اسلام آباد: (دنیانیوز) پی ٹی آئی رہنما و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کاکہنا ہے کہ یہ فارم 47 کی حکومت ہے، آپ فارم 47 کی بنیاد پر آئے ورنہ عوام نے آپکا خاتمہ کردیا تھا۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بلوچستان میں حالات خراب ہیں، سیلابی صورتحال ہے، منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے اہم معاملات پر جواب دینے کی بجائے بانی چیئرمین پی ٹی آئی پر اٹیک کیا، عمران خان کو ڈیتھ سیل میں رکھا ہوا ہے، ہم اس حوالے سے پٹیشن دائر کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف جب جیل میں تھے ان کے بوفے لگتے تھے اور 45 لوگ ملاقات کرتے تھے، خفیہ اداروں نے میاں نواز شریف کے ٹیسٹ رزلٹ تبدیل کیے، این آر او اور لندن پلان کے تحت آپ اقتدار میں آئے ہیں، حنیف عباسی ایف اے ڈرین کا کیس نہ بھولیں، انہوں نے این آر او کے بارے میں بات کی ہے، حنیف عباسی کے پاس اس وقت 7ہزار ووٹ نہیں ، احسن اقبال اور حنیف عباسی کو یاد ہونا چاہیے جنرل باجوہ نے آپ کو فیسلیٹیٹ کیا۔
عمر ایوب نے کہا کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کم دکھائے گئے اور انہیں راہ فرار کا موقع دیا گیا ، راناثنااللہ پر سابق ڈی جی اینٹی نارکوٹکس نے کیس بنایا تھا ، سندھ میں مخالفین کو دیوار سے لگایا ہوا ہے ، ہم نے ہمیشہ عوامی سیاست کی ہے، سندھ میں فہمیدہ مرزا کے خلاف اور جے ڈی اے کے خلاف پیپلز پارٹی کارروائیاں کررہی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے کہا کہ جب بھی آزاد عدلیہ کے سامنے آئیں گے، بانی پی ٹی آئی کے تمام کیسز ختم ہوں گے، ہم اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر اکٹھے ہوگئے تھے، وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا بتاؤں گا کہ لوگوں کو گھروں سے کیوں اٹھایا جارہا ہے؟ آج تک وزیراعظم کا اس مسئلے پر کوئی جواب نہیں آیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ کہنا پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے کافی نہیں، پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ آئین اور قانون کی بات کی ہے، بانی پی ٹی آئی نے کبھی اپنے سیل کے بارے میں نہیں بتایا، سپریم کورٹ نے رپورٹ طلب کی تو ان کی ابتر صورتحال کا معلوم ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم نے قومی اسمبلی میں جبری گمشدگیوں کا کیس اٹھایا، سپریم کورٹ نے انڈر ٹیکنگ لی اس کے باوجود لوگ اٹھائے جارہے ہیں، وزیراعظم نے فلور پر یقین دہانی کروائی تھی اس کے باوجود لوگ غائب ہورہے ہیں، پاکستان کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی بات آئے گی تو ہم اکھٹے ہوں گے، سی پیک کے معاملے میں ہم اکھٹے ہیں، جب کوئی باہر سے آتا ہے تب بھی ہم اکھٹے ہوتے ہیں، قومی اسمبلی میں اس وقت انجان لوگ بیٹھے ہیں، احسن اقبال ، حنیف عباسی سب ہارے ہوئے ہیں ان کے گھر والے بھی انہیں نہیں مانتے، یہ صرف اپنے کیسز ختم کروانے آئے ہیں۔