مون سون کا مضبوط سسٹم آج کراچی اور حیدرآباد پہنچے گا، موسلا دھار بارش متوقع

Published On 29 August,2024 09:12 am

کراچی: (دنیا نیوز) مون سون کا مضبوط سسٹم آج کراچی اور حیدرآباد پہنچے گا جس سے آج دوپہر شہر قائد، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔

سندھ
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے تین دنوں میں 150 سے200 ملی میٹر بارش کا امکان ہے، شہر قائد سمیت سندھ کے کئی مقامات پر 31 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار اور کہیں شدید موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔

شدید بارشوں کے پیش نظر حیدر آباد، میر پور خاص ،ٹنڈو الہ یار، سانگھڑ میں آج تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ جامشورو کے تعلیمی اداروں میں3 روزہ تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے تاہم کراچی میں آج تمام سکول کھلے ہیں۔

ادھر حیدر آباد، جامشورو، میر پورخاص، نوابشاہ سمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پنجاب
دوسری جانب پنجاب کے بھی مختلف شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، لاہور میں بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رم جھم نے رنگ جما دیا جبکہ کندیاں میں بھی ابر رحمت خوب برسا تاہم عارف والا اور بورے والا میں بھی جل تھل ہو گیا۔

علاوہ ازیں این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اگست میں بارشوں اور سیلاب کے باعث245 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، پنجاب میں 92، کے پی میں 74، سندھ میں 47، بلوچستان میں22 افراد لقمہ اجل بنے۔