پشاور: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ حکومت کا رویہ غیر سنجیدہ ہے، دہشتگردی کے واقعات پر ایوان میں بحث ہونی چاہیے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جوحالات ہیں اس پر ایوان میں بحث ہونی چاہیے، بطور اپوزیشن لیڈر دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں ، نہتے لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا رویہ غیر سنجیدہ ہے، ہماری آواز کچلی جا رہی ہے، جب اپوزیشن کو کچلیں گے تو جمہوریت نہیں فسطائیت ہوگی، ان ملکی حالات کے باوجود اجلاس میں بات نہیں ہو رہی، جب حکومت عوام کی آواز نہیں سنے گی تو لاقانونیت بڑھے گی۔
جلسہ منسوخی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمرایوب کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی سماعت تھی اس لیے جلسہ منسوخ کیا، بانی پی ٹی آئی نے تنبیہ کی کہ آخری بار جلسہ منسوخ کررہے ہیں، 8 ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہو گا، این اوسی ہمارے پاس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے، ہم قومی اسمبلی اور سینیٹ میں حکومتی فسطائیت کے خلاف مظاہرہ کریں گے، پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں زبردستی کی گمشدگیوں پر بھی بات چیت ہوئی، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے لیگل ٹیم اور پارٹی متحرک ہے۔