پشاور:(دنیا نیوز ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا انقلابی اقدام کرتے ہوئے نوجوانوں کو برسر روزگار کرنے کے لئے 3 بڑے منصوبے تیار کرلیے۔
خیبر پختونخوا کابینہ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے نوجوانوں کیلئے احساس روزگار ، احساس ہنر ، احساس اپنا گھر پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پروگرامز کی تیاریاں مکمل کرلیں ، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے محکموں کو مفاہمت کی یادداشتیں کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع نے بتایا کہ احساس نوجوان روزگار سکیم کے تحت دس ملین روپے تک کے سافٹ لون فراہم کیے جائیں گے، احساس روزگار سکیم کے تحت نیا کاروبار شروع کرنے اور موجودہ کاروبار کی توسیع کے لیے دو لاکھ روپے تک کا بلا سود قرضہ مہیا کیا جائے گا۔
خیبر پختونخوا کابینہ ذرائع نے مزید بتایا کہ احساس ہنر پروگرام کے تحت ہنر مند نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے پانچ لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جائیں گے، ’احساس اپنا گھر‘ پروگرام پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو مکان کی تعمیر، موجودہ مکان کی توسیع و مرمت وغیرہ کے لئے پندرہ لاکھ روپے تک کا بلاسود قرضہ دیا جائے گا۔