اسلام آباد :(دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ فیض حمید سے متعلق انکوائری فوج کا اندرونی معاملہ ہے۔
اسلام آباد میں شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ پوری قوم کو پتہ ہے کہ ہرجمعرات کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرتے ہیں اور آج بھی ہماری ملاقات ہونی تھی، ہم نے عمران خان سے مشاورت اور مسائل پر گفتگو کرنا ہوتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید سے متعلق انکوائری فوج کا اندرونی معاملہ ہے۔
نئے ضابطے اور نئے لوگ سیاسی ماحول کو خراب کررہے ہیں :شبلی فراز
رہنما پی ٹی آئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نئے ضابطے اور نئے لوگ سیاسی ماحول کو خراب کررہے ہیں اور یہ لوگ ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے منتخب نمائندے ہیں، اگر ایسی صورتحال ہے تو پھر ہمیں پارلیمنٹ میں بھی سیاسی گفتگو نہ کرنے دی جائے بلکہ ہم روز موسم کی صورتحال اور ایک دوسروں کے لباس پر گفتگو کرنا شروع کردیتے ہیں، یہ بہت مضحکہ خیز بات ہے یہی وجہ ہے کہ ملک آج تباہی کی جانب گامزن ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ آپ لاکھ تقریریں کریں، لاکھ امیدیں دلائیں لیکن حقیقت میں پاکستان کے عوام اور ان کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ جو ہورہا ہے، ایسے یہ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سیاسی عدم استحکام نہیں ختم ہوسکتا، یہ معیشت نہیں ٹھیک ہوسکتی، عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دب گئے ہیں، آپ ان کے لیے امید بھی ختم کررہے ہیں، آج جو ہمارے ساتھ ہوا ہے، اس سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ جو بھی اہل اقتدار ہیں وہ نہیں چاہتے ہیں عوام اور اس ملک کا ایک روشن مستقبل ہو، وہ زور زبردستی سے ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں،
شبلی فراز نے مزید کہا کہ ہم نے آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے اپنی سیاست کی ہے، آج کی طے شدہ ملاقات میں یہ شرط عائد کرنا کہ آپ لوگ عمران خان کے ساتھ سیاسی گفتگو نہیں کرسکتے، یہ ناقابل قبول ہے ہم اس معاملے کو اسمبلی میں اٹھائیں گے اور عدالتوں میں بھی جائیں گے۔