کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت مالی سال 2024اور 25 کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اب تک کے تمام غیر منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کی رواں ماہ کی 28 تاریخ تک متعلقہ فورم سے منظوری کو حتمی شکل دی جائے، اس سلسلے میں تمام متعلقہ اراکین اسمبلی کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تاخیر کا شکار محکمہ جاتی ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد تیز کیا جائے، اجلاس کو اے سی ایس ڈویلپمنٹ کی رواں مالی سال میں شامل جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو سیکٹر وائز ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی اب تک کی پیشرفت پر بھی آگاہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ضروری ہے کہ ان کی جلد از جلد متعلقہ فورم سے منظوری لی جائے۔
سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ ترقیاتی سکیموں کی جلد تکمیل سے ہی عوام اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔