لاہور:(دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے مختلف واقعات میں پی ٹی آئی رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، شاہ محمود قریشی و دیگر کیخلاف درج مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کے مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج خالد ارشد نے پی ٹی آئی رہنماؤں یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ و دیگر کی ضمانت بعد ازگرفتار کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے پراسیکیوشن کو ملزمان کیخلاف مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا جس پر پراسیکیوشن نے مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کیلئے مہلت مانگ لی۔
عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزمان کیخلاف مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواستوں پر مزید سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ ملزمان نے 9 مئی کو مسلم لیگ ن کا دفتر جلانے اور کلمہ چوک میں کنٹینر نذر آتش کرنے سمیت مختلف مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔