اسلام آباد: (دنیانیوز) بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں بری ہونے کے باوجود رہا نہ کرنے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کیخلاف درخواست پر سماعت میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعتراضات دور کرنیکی ہدایت کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں بری ہونے کے باوجود رہا نہ کرنے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے درخواست پر سماعت کی، بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے ۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ آپ کی درخواست پر اعتراضات لگے ہیں، جس پر وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ بشری بی بی کو عدت نکاح کیس میں بری ہونے پررہا نہیں کیا گیا، انہیں جیل میں دھکے دئیے گئے اور تشدد بھی کیا گیا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ آپ کی پہلے اس طرح کی ایک اور درخواست زیر التواء ہے، جس پر وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ وہ درخواست چیف جسٹس کے پاس ہے اس میں ہم نے مقدمات کی تفصیل فراہمی کی استدعا کی ہے۔
عدالت نے درخواست پر لگے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 اگست تک ملتوی کر دی ۔