ٹانک: (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں ججزسکواڈ کی گاڑیوں کے قافلے پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 2پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد کے حملے میں 2 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں، شہید پولیس اہلکاروں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان ہے۔
رپورٹس کے مطابق ججز کے قافلے پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید اہلکاروں میں سپاہی عبداللہ اور سپاہی صمد شامل ہیں ، دہشت گردوں کے حملے میں ججز محفوظ رہے۔
سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق حملہ ڈیرہ اسمٰعیل خان روڈ پر بھگوال کے قریب کیا گیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی واقعے کی مذمت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ٹانک میں ججز کے سکواڈ پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ، انہوں نے فائرنگ سےشہید ہونے والے کانسٹیبلز عبداللہ اور عبدالصمد کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبلز عبداللہ اور عبدالصمد نے جان دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، شہید کانسٹیبلز نے بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ شہداء کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔