اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 18 ہری پور میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے الیکشن کمیشن کی کارروائی پر حکم امتناع جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو مسلم لیگ ن کے امیدوار بابر نواز کی درخواست پر کارروائی سے روک دیا۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے الیکشن کمیشن کی کارروائی اور 10 جولائی کے آرڈر کو چیلنج کیا تھا۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے درخواست پر 60 دنوں میں فیصلہ کرنا ہوتا ہے، 60 دن گزرنے کے بعد الیکشن کمیشن میں کارروائی غیر قانونی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو این اے 18 ہری پور میں دھاندلی کی تحقیقات سے روک دیا اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
عدالت کی جانب سے الیکشن کمیشن، ریٹرننگ افسر این اے 18، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور بابر نواز خان کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔