سجاول: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کو فیصلہ کرنا ہوگا وہ چاہتی کیا ہے؟
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو پی ٹی آئی کے ساتھ ہورہا ہے وہ پی ٹی آئی کا اپنا کیا دھرا ہے، پی ٹی آئی دور میں سیاستدانوں سے انتقامی کارروائیاں سب کے سامنے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی اب اپنی کی گئی غلطیوں کا احساس کرے اور آگے چلنے کی بات کرے، پی ٹی آئی کبھی کہتی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات نہیں کرنی اور کبھی کہتی ہے کہ بات ہی صرف اسٹیبلشمنٹ سے کرنی ہے۔
پی ٹی آئی کو اپنی لائن کلیئر کرنا پڑے گی، تحریک انصاف کو خود کو سیاسی جماعت ثابت کرناہوگا، مخصوص نشستوں کے کیس میں پی ٹی آئی فریق نہیں تھی پھر بھی ریلیف دیا گیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سیاستدانوں کے ساتھ جو سلوک کیا وہ آپ کے سامنے ہیں، صدر آصف علی زرداری فریال تالپور، ن لیگ کی خواتین اور دیگر کے ساتھ جو سلوک انہوں کیا تھا وہ بھی سب نے دیکھا، میں نہیں کہتا کے جو انہوں نے کیا وہ کسی اور کو بھی کرنا چاہئے۔