لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں مون سون بارشوں کا چوتھا سپیل کل (22 جولائی) سے شروع ہوگا۔
ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 22 سے 25 جولائی تک پنجاب میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، 23 سے 24 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش برسنے کی توقع ہے۔
راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق موسمی صورتحال کے بارے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کرے۔
عرفان کاٹھیا نے کمشنرز، ڈی سیز، واسا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مون سون بارشوں کے دوران دریاؤں اور ڈیمز میں پانی کی صورتحال نارمل ہے،عوام الناس سے التماس ہے کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، پرانی عمارتوں کھمبوں اور آسمانی بجلی کی گرج چمک سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔