اسلام آباد: (دنیانیوز) صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے یوم عاشور پراپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشورہ حضرت امام حسینؓ کی میدان ِکربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے، حضرت امام حسینؓ کی شہادت ہمیں باطل اورظلم کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم عاشور کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشور بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے، اس دن نواسہ رسولﷺ نے حق اور باطل کی لڑائی میں جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا، کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے یہ ثابت کردیا کہ حق لازوال اور باطل مٹنے کیلئے ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ امام حسینؓ کربلا کے میدان میں یزید کی جابرانہ حکومت کے خلاف جرات و استقامت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے، آج کا دن اس عزم کا اعادہ ہے کہ امت مسلمہ کو ہمیشہ حق و صداقت پر ڈٹے رہنا ہے، فلسطین کے لوگ عظیم مقصد کےلیے بے پناہ مشکلات برداشت کر رہے ہیں، فلسطینی قبلہ اول بیت المقدس کی حفاظت اپنے حقوق اور آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، فلسطینیوں کی طرح مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی انتہائی جابر اور غاصب قوتوں کے مظالم سہہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اس وقت بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، اس مشکل وقت میں ضروری ہے کہ ہم صبر، اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یزیدیت درحقیقت ایک سوچ کا نام ہے جس کا مقصد ظلم و جبر کا نظام قائم کرنا ہے، آج کے دِن ہمیں تجزیہ کرنا چاہیے کون سے عناصر خود غرضانہ مفادات کیلئے اتحاد و اتفاق کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، اندرونی و بیرونی خطرات کے پیش نظر ہمیں فروعی، مسلکی، لسانی اختلافات کو بھلانا ہوگا اور ایثار و قربانی، رواداری، اتحاد اور نظم و ضبط جیسے اعلیٰ اوصاف کو فروغ دینا ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئیے، حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی قربانیوں سے درس حاصل کریں، آزمائشوں میں بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔
صدر مملکت آصف زرداری کا پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم ِعاشورہ پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ یوم عاشورہ حضرت امام حسینؓ کی میدان ِکربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے، امام حسینؓ اور ان کے وفادار ساتھی ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ گئے ، حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے اسلامی اقدار کے احیاء ، امت ِمسلمہ کے حقوق کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی شہادت میں امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام نے شدید دباؤ ، مشکلات کے باوجود ظالم و جابر حکمران کے خلاف کلمہ ِحق بلند کیا،امام حسینؓ نے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے ، آزمائشوں میں ثابتِ قدم رہنے کا درس دیا، امام حسینؓ اور آپ کے بہادر ساتھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی عظیم مثال ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ نے دین کی خاطر جان اور اہل و عیال کی قربانی تو گوارا کی مگر ظالم کے آگے سر نہ جھکایا، آج اسلام اور انکے ساتھیوں کی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے ۔
صدر مملکت نے کہاکہ آج کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو آزمائشوں اور مصائب کا سامنا ہے، فلسطینی اور کشمیری عوام کی جدوجہد ان کے پائیدار عزم و استقلال اور جذبے کا ثبوت ہے ، واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنے، ظلم وجبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ نواسہ رسولؐ اور ان کے جانثاروں کو سلام عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے ۔