پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کوئی نہیں لگا سکتا، فارم 47 کے تحت بیٹھے لوگ باتیں کر رہے ہیں کہ وہ پابندی لگائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ انہوں نے مینڈیٹ چوری کرکے وزیراعظم بنایا ہے، مطالبہ کرتا ہوں کہ چیف الیکشن کمشنر کو اب استعفیٰ دے دینا چاہئے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ یہ اپنی شہرت برقرار رکھنے کیلئے اس طرح کے بیانات دیتے ہیں، آپ سے مہنگائی ، پٹرول، ڈالر اور معیشت کنٹرول نہیں ہو رہی۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آپ سے امن و امان اور صوبے کے معاشی حالات کنٹرول نہیں ہو رہے، اس لیے بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے چیلنجز اس وقت اور ہیں، ہمارے صوبے کو دہشت گردی کا بہت بڑا چیلنج درپیش ہے، ہماری فوج، دیگر ادارے اور عوام دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔