لاہور: (دنیا نیوز) جلال پور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں نے کارروائیاں کر کے 250 لیٹر ملاوٹی سوڈا واٹر مشروبات تلف کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے غیر معیاری مشروبات بنانے والوں کیخلاف کارروائیاں جلال پور پیروالا کے علاقوں شجاعت پور روڈ اور نقشبندیہ محلہ میں کی گئیں، اس دوران 250 لیٹر ملاوٹی سوڈا واٹر مشروبات قبضے میں لے کر تلف کر دیا گیا، فیکٹریوں کو 15، 15 ہزار روپے کے جرمانے بھی کیے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا ہے کہ مشروبات کی تیاری میں مصنوعی فلیورز کی ملاوٹ کی جا رہی تھی، غیر معیاری مشروبات مارکیٹ میں ڈرنک کارنرز پر سپلائی کی جانی تھیں، ملاوٹ ثابت ہونے پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مضر صحت مشروبات تلف کر دیئے۔
محمد عاصم جاوید نے مزید کہا ہے کہ غیر معیاری مشروبات کے استعمال سے معدے اور پیٹ درد کی بیماریاں جنم لیتی ہیں، ملاوٹ کے خاتمے کیلئے پنجاب بھر میں فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی جا رہی ہے۔