لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوئی گینگ اور نو گو ایریا برداشت نہیں۔
پولیس افسران کی کارکردگی جانچنے کیلئے ”کی پرفارمنس انڈیکیٹرز“مقرر
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبہ بھر کے پولیس افسران نے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ نے پولیس افسران کی کارکردگی جانچنے کیلئے ”کی پرفارمنس انڈیکیٹرز“مقرر کردیئے۔
عوامی شکایات، ایف آئی آرز، فرد جرم، نو گو ایریا، سرچ آپریشن اور غیر معمولی کارکردگی دکھانے پر پولیس اہلکاروں اور افسروں کو نمبر ملیں گے۔
اختراعی اور منفرد اقدامات سے پولیس افسروں کو اضافی نمبر ملیں گے جبکہ ٹاسک پورا نہ ہونے پر پولیس افسروں کے نمبر کاٹ لیے جائیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوئی گینگ اور نو گو ایریا برداشت نہیں، مجرم کو پتہ ہونا چاہیے کہ پکڑے گئے تو سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔
مریم نواز کا پولیس افسران سے ملاقات کے دوران مزید کہنا تھا کہ سیاسی مداخلت سے خرابیاں جنم لیتی ہیں، بہت پریشر لیا لیکن سیاسی مداخلت پر فل سٹاپ لگا دیا۔