دوشنبہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی تاجکستان کے دو روزہ دورے کے دوران تاجک صدر امام علی رحمٰن سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے موقع پر تاجک صدر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پُرتپاک استقبال کیا، تاجک صدر نے پاکستان اور تاجکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، معدنیات، صنعت، زراعت اور دیگر شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کی لا محدود استعداد موجود ہے۔
وزیراعظم نے تاجک صدر کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور پاکستانی اور تاجک اقوام کے مابین سماجی روابط کو وسعت دینے کی دعوت دے دی۔