اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کور کمیٹی نے شیرافضل مروت اور شاندانہ گلزار کی کور کمیٹی رکنیت ایک ماہ کیلئے معطل کردی۔
ذرائع کے مطابق شیرافضل مروت اور شاندانہ گلزار کی مسلسل ڈسپلن کی خلاف ورزی پر رکنیت معطل کی گئی، پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں متعدد قراردادیں منظور کی گئیں، پی ٹی آئی کور کمیٹی میں موجودہ قیادت پر مکمل اعتماد کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی نے عمرایوب، سینیٹر شبلی فراز و دیگر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، پی ٹی آئی کور کمیٹی نے نو مئی کے بعد پارٹی چھوڑنے والے اراکین کو واپس شامل نہ کرنے کی قرارداد بھی منظور کرلی۔
ذرائع کے مطابق نومئی کے بعد پارٹی چھوڑنے والوں کی واپسی کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی رہائی کے بعد کریں گے، کور کمیٹی نے جے یو آئی ف سے مذاکرات کیلئے تشکیل کردہ کمیٹی کی توثیق کردی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی نے عمرایوب کا بطور سیکرٹری جنرل استعفیٰ مسترد کردیا۔