پشاور:(دنیا نیوز) ممکنہ آپریشن عزم استحکام کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے جرگہ بلانے کا فیصلہ کرلیا۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا بھر سے قبائلی عمائدین اور رہنماؤں کے ساتھ جرگہ آج 26 جون کو پشاور میں ہوگا، جرگہ بلانے کا فیصلہ پی ٹی آئی کی قیادت میں بلائے جانے والے اجلاس میں کیا گیا، جرگے میں ممکنہ آپریشن کے خلاف قرارداد منظوری کے لئے پیش کئے جانے کا امکان بھی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ قرارداد کی سفارشات کی روشنی میں قومی وصوبائی اسمبلی کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی، جرگے کے فیصلے قرارداد کی صورت میں قومی و صوبائی اسمبلی میں پیش کیے جائیں گے۔
واضح رہے آپریشن عزم استحکام بارے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آپریشن میں صرف انٹیلی جنس بنیادوں پر شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی، عام لوگوں کے گھروں میں کوئی اس طرح کی کارروائی نہیں ہوگی۔