گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گوجرانوالہ میں اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جہیز اور شادیوں پر نمود و نمائش سیاسی سے زیادہ سماجی مسئلہ ہے، 100 دن میں پنجاب حکومت کے کارناموں کی لمبی فہرست ہے، پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب کے 297 صوبائی حلقوں میں نئے سپورٹس کمپلیکس بنائے جائیں گے، بہت جلد پنجاب میں بڑے پیمانے پر کھیلوں کا انعقاد ہونے جا رہا ہے، ہر حلقہ میں سپورٹس کمپلیکس بنایا یا کوئی بھی کھیل کا میدان آباد کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی چینی ہم منصب سے ملاقات، مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اپنا شوق پورا کر لیں، جب اسمبلیوں میں تھے تو تب بھی حکومت نہیں چلنے دیتے تھے، تبدیلی پتہ نہیں آئی یا نہیں آئی نیا پاکستان بنا یا نہیں، البتہ یہ تبدیلی ضرور آئی ہے اور حیرانی کی بات یہ ہے کہ اب جنرل ایوب کے خاندان میں سے بھی انقلاب کی باتیں ہو رہی ہیں اور وہ ہمیں اب بتا رہے کہ انقلاب کیا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے انہیں اس لیے بلایا ہے کہ یہ دوبارہ ملک میں 9 مئی جیسا واقعہ کروانے کی پلاننگ کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی خواجہ آصف پر آرٹیکل 6 لگوانے کے لیے ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کو وزیر اعظم ہاؤس بلا کر دھمکیاں دیتا تھا، ان پر تو ابھی آرٹیکل 6 لگا ہی نہیں انہوں نے پہلے ہی رونا شروع کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ورلڈ کپ کرکٹ میچز پر دلچسپ تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ رات کا میچ دیکھنے کے بعد دل بہت دُکھی ہے، اب تہیہ کر لیا ہے کہ کرکٹ میچ نہیں دیکھوں گی لیکن اندر کا پاکستان نہیں مرتا۔
یہ بھی پڑھیں: روڈا پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے چین و دیگر بین الاقوامی اداروں سے اشتراک کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی سے باؤلنگ نہیں ہو رہی تھی، بلے بازغلط شاٹس کھیل کر آؤٹ ہوئے اور ہمارے فیلڈرز گیند پکڑنا ہی بھول گئے تھے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ امریکا نے سازش کی ہے ہمارے خلاف کہ انہوں نے ہمیں بتایا ہی نہیں کہ اتنی اچھی کرکٹ ٹیم تیار کی ہے، اگر ہمیں پہلے پتہ چلتا تو ہم امریکی سازش سے نمٹ لیتے۔