اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف اور آئر لینڈ کے وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، شہباز شریف نے آئرلینڈ کے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے کہ آئرلینڈ کے وزیراعظم اپنے ملک اور عوام کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے، وزیراعظم نے آئرلینڈ کی طرف سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ آئرلینڈ کا یہ فیصلہ معصوم فلسطینیوں کیلئے اُمید اور یکجہتی کا پیغام دے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئرلینڈ کا فیصلہ فلسطین کاز کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا، آئرلینڈ کا یہ فیصلہ دوسرے ممالک پر بھی ایسے فیصلے لینے کیلئے دباؤ کا باعث بنے گا، یو این قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ہی مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن لانے کا واحد راستہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کرایا جائے: شہباز شریف
وزیراعظم نے فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا، شہباز شریف نے آئی سی جے کے اسرائیل کو غزہ اور رفح پر حملے بند کرنے کا حکم دینے کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ کشمیر کے مظلوم عوام کو بھی عالمی برادری کی طرف سے اسی طرح کی توجہ ملے گی۔
آئرش وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا کہ آئرلینڈ نے دیگر یورپی اتحادیوں کی مشاورت سے اصولی فیصلہ کیا ہے، غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کو کسی بھی طرح معاف نہیں کیا جا سکتا، آئرلینڈ حکومت نے محسوس کیا کہ یہ فیصلہ نارملائزیشن کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کو رفح میں فوجی آپریشن فوری روکنے کا حکم
وزیراعظم نے پاکستان میں اپنا ریزیڈنٹ مشن کھولنے کے آئرلینڈ کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ یہ مشن ڈبلن میں پاکستانی مشن کے ساتھ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور عوام کے درمیان تبادلوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا، شہباز شریف نے وزیراعظم سائمن ہیرس کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔