پاکستان کی افغانستان میں مسجد پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت

Published On 01 May,2024 05:53 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان نے افغانستان کے شہر ہرات میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ  کا کہنا ہےکہ پاکستان ہرات میں مسجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اورحملے کے نتیجے میں جانی اور مالی نقصان پر پاکستانی عوام اور حکومت افغانستان کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

ممتاز زہرا بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، پاکستان عبادت گاہوں پر نفرت انگیز حملوں سمیت دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر ے کی مذمت کرتا ہے۔