اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سمگلنگ کے خاتمے کیلئے ملک گیر مہم کو تیز کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سے سمگلنگ کے جڑ سے خاتمے کا پختہ عزم رکھتا ہوں، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو سمگلنگ میں خاتمے کیلئے مکمل تعاون پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اجلاس میں اے ڈی خواجہ کی سربراہی میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر قائم شدہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے ملوث افراد، سہولت کار افسروں کی نشاندہی پر اے ڈی خواجہ کی سربراہی میں کمیٹی کی رپورٹ کی تعریف کی۔
اس موقع پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ملوث سرکاری افسران کی فہرست تیار کرکے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صوبوں کو فراہم کر دی گئی ہیں، وزیر اعظم نے متعلقہ افسران کو عہدے سے فوراً ہٹانے اور محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے تمام اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کو سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کرنے اور سمگلروں اور منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو قرار واقعی اور مثالی سزا دلوانے کی ہدایت کی، انہوں نے وزارت قانون و انصاف کو اس حوالے سے فوری طور پر ضروری قانون سازی کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک و قوم کا پیسہ لوٹنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کو قطعاً کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی، سرحدی علاقوں میں سمگلنگ کی روک تھام کیلئے نوجوانوں کو متبادل روزگار اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی اشیاء کی پاکستان میں فروخت اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ان کی مانیٹرنگ کو تیز اور موثر کیا جائے، وزیر اعظم نے کسٹمز حکام کو افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو مانیٹر کرنے والے سسٹم کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی ہدایت کر دی۔
شہباز شریف نے قومی سطح پر منشیات کے استعمال کی جانچ کے سروے کیلئے فوری طور پر فنڈز جاری کرنے اور چینی کی مکمل طور پر سمگلنگ روکنے کی ہدایت بھی جاری کی۔