اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت بجلی شعبے کے حوالے سے اقدامات کے جائزے بارے اعلیٰ سطح کے اجلاس کا دوسرا دور ہوا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ بجلی کے ترسیلی نظام اور تقسیم کار کمپنیوں کی بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر پلان مرتب کرکے آئندہ ہفتے پیش کیا جائے، تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری و آؤٹ سورسنگ کے عمل کو تیز کیا جائے۔
شہبازشریف نے ہدایت کی کہ تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) کے انتظامی امور کی بہتری کیلئے نجی شعبے کے ماہرین کی معاونت لی جائے، بجلی کے ترسیلی و تقسیم کے نظام کیلئے عالمی سطح پر رائج ماڈلز سے مدد لی جائے، بجلی شعبے کی اصلاحات سے گردشی قرضے میں کمی لے کر آئیں گے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بجلی چوروں اور دیگر عناصر کو ملکی خزانے کو قطعاً مزید نقصان نہیں پہنچانے دیں گے، بجلی ٹرانسمیشن کے نظام کی بہتری کے بڑے منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں بجلی کی ٹرانسمیشن کے نئے منصوبوں، NTDC کی تنظیم نو اور بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اقدامات و سفارشات پیش کی گئیں، اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے جنوب سے بجلی کی ترسیل کیلئے مٹیاری رحیم یار خان ٹرانسمیشن لائن اور غازی بروتھہ فیصل آباد لائن تعمیر کی جائے گی۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بجلی کے ترسیلی نظام کی اصلاحات اور گردشی قرضے کو کم کرنے کیلئے NTDC کی تنظیم نو کا لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے، وزیراعظم نے تمام اصلاحات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، محمد اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، سید محسن رضا نقوی، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، عبدالعلیم خان، سابق وزیر بجلی محمدعلی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، انجینئر قمرالسلام، رانا احسان افضل، سلمان احمد اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔