ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کے بعد کراچی سٹیشن پر مسافروں کا رش

Published On 10 April,2024 05:50 pm

کراچی :(ویب ڈیسک ) وفاقی حکومت کی جانب سےعید الفطر کے موقع پر ٹرینوں کے کرایوں میں 25 فیصد کمی کے اعلان کے بعد کراچی میں اندرون ملک جانے والے مسافروں کا رش بڑھ گیا۔

کراچی کے کینٹ اسٹیشن پر مسافروں کا رش بڑھ گیا اور بہت سارے مسافر مایوس اور پریشان بھی دکھائی دیے، کیوں کہ ٹکٹوں کی ایڈوانس بکنگ نہیں کی جا رہی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرین ٹکٹوں کی ایڈوانس بکنگ نہ ہونے پر شہریوں نے شکوہ کیا اور بہت سارے مسافر واپس گھروں کو لوٹ گئے۔

حکومت نے عید کے تینوں روز ٹرینوں کے کرایوں میں پچیس فیصد رعایت کا اعلان کیا تھا، جس وجہ سے کراچی سے اندرون ملک جانے والے مسافروں کا رش بڑھ گیا اور کینٹ اسٹیشن سمیت سٹی اسٹیشن پر بھی بہت سارے مسافر دیکھے گئے۔

مسافرین نے حکومت کی جانب سے کرایوں میں کمی کے اعلان کو سراہا، تاہم ساتھ ہی شکایت کی کہ ایڈوانس بکنگ کا بھی نظام ہونا چاہیے تھا۔