کراچی میں بڑھتی وارداتیں: ایم کیو ایم کا شہر کو 3 ماہ کیلئے فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ

Published On 08 April,2024 05:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ حکومت اور سندھ پولیس نے کراچی کو ڈکیتوں کے رحم و کرم پرچھوڑ دیا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ شہر کی ایسی ابتر صورتحال میں کسی کو کراچی کا نوحہ سُنائی نہیں دے رہا ہے، آج میٹرول کےعلاقے میں دو شہریوں کو ہلاک کرکے سوا کروڑ روپے لوٹ لئے گئے جوبہت بڑاظلم ہے، کراچی کا کوئی علاقہ اور کوئی سڑک ایسی نہیں ہے جہاں شہریوں کی جان ومال محفوظ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال کے تین مہینوں میں ہی سٹریٹ کرائمز میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد 60 ہونے والی ہے، متعصب سندھ حکومت اور نااہل سندھ پولیس نے چوروں ڈاکوؤں اور قاتلوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، سندھ کے وزیر داخلہ بتائیں کس نے پولیس کے ہاتھ باندھ رکھے ہیں؟

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پولیس ایکشن کیوں نہیں لے رہی؟ سندھ حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں، شہر کو 3 ماہ کیلئے فوج کے حوالے کیا جائے، ایم کیو ایم پاکستان سٹریٹ کرمنلز سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔