حیدرآباد: (دنیا نیوز) کنوینر ایم کیو ایم پاکستان اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حالات کیسے بھی ہوں ہمیشہ خدمت خلق کیلئے ہر چیز سے بالاتر ہوکر کام کیا۔
کنوینر ایم کیو ایم پاکستان اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے حیدرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے خدمت کی بنیاد پر آج بھی ایم کیو ایم کو کھڑا رکھا ہوا ہے، ایم کیو ایم 84ء میں بنی، خدمت خلق کی بنیاد 79ء میں رکھی، خدمت کی بنیاد پہلے رکھی گئی پھر سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا گیا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دکھ اور درد کا جو رشتہ ہے قوم کے ساتھ وہ احساس چالیس سالوں میں بھی کمزور نہیں ہوا، پاکستان اور ملک سے باہر بھی زلزلوں اور طوفانوں میں کردار ادا کیا، اگر پابندی نہ لگائی جاتی، رکاوٹیں نہ ڈالی جاتیں تو خطے کے لئے ایک بڑا اثاثہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کی شکل میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد نے ہمیشہ اپنی کمٹمنٹ پوری کی اور حیران کیا، آج انتہائی نگہداشت بچوں کے علاج کی حیثیت سے یہ ہسپتال پورے ملک کے ہسپتالوں کا مقابلہ کرسکتا ہے، آنے والے دنوں میں کے کے ایف ملک کی سطح کا بڑا ادارہ بنے گا۔