پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی کے ساتھ پنجاب حکومت کا رویہ تشویشناک ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے اپنے بیان میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے ساتھ گزشتہ دنوں اڈیالہ جیل میں پیش آنے والے حادثے سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ تسلی کرنا چاہتے ہیں کہ وہ گر کر زخمی ہوئے ہیں یا ان پر تشدد کیا گیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی میڈیکل ٹیم کو پرویز الہٰی کا طبی معائنہ کرنے کی اجازت اور رسائی دی جائے، اگر میڈیکل ٹیم کو پرویز الہٰی تک رسائی نہیں دی گئی تو قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ 19 مارچ کو پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت میں اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی طرف سے پرویز الہٰی کی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی تھی۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق واش روم میں گرنے سے پرویز الہٰی کی چار پسلیاں ٹوٹ گئی تھیں، جیل میں پرویز الہٰی کے ایکسرے لئے گئے جن میں پسلیوں میں فریکچر سامنے آیا تھا۔