تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا یوم پاکستان بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ

Published On 22 March,2024 08:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری ہو گیا، جس کے مطابق پی ٹی آئی کی کورکمیٹی نے بھرپور مِلی جذبے سے یوم پاکستان منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یومِ پاکستان کے حوالے سے کل سہ پہر اسلام آباد میں تقریب کے انعقاد کی منظوری دیدی گئی، اجلاس میں دھاندلی اور ملک میں دستور سے انحراف کیخلاف 30 مارچ کو اسلام آباد میں جلسے اور 21 اپریل کو کراچی میں بڑی عوامی ریلی کے انعقاد کی بھی باضابطہ منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈا پور کا بیان رشوت خوروں کو ڈرانے کیلئے ہے: شیر افضل مروت

اجلاس میں ملکی معیشت، آئی ایم ایف سے نئے معاشی پیکیج اور اس کے عوام پر اثرات پر 25 مارچ کو اسلام آباد میں خصوصی پریس کانفرنس کی بھی منظوری دی گئی، بانی چیئرمین کے خلاف مقدمات پر اب تک کی عدالتی کارروائی اور ان کی بریّت کے امکانات پر مفصل بریفنگ دی گئی۔

متعدد مقدمات میں بانی چیئرمین کی بریّت تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیتے ہوئے عدلیہ سے بانی چیئرمین کی سزاؤں کیخلاف اپیلوں اور مقدمات کے میرٹ پر جلد فیصلوں کے اعلانات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات : صنم جاوید کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

سینیٹ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں سینئر مرکزی رہنما سردار لطیف خان کھوسہ کی رہائشگاہ پر پنجاب کے اراکین اسمبلی کے کل کے اجتماع کی توثیق کی گئی، کورکمیٹی کی جانب سے امریکی انڈرسیکرٹری آف سٹیٹس ڈونلڈ لو کی کانگرس کمیٹی میں پیشی اور دیئے گئے بیان کے مندرجات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کورکمیٹی کی جانب سے امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر اسد مجید کی جانب سے ڈونلڈ لو کے بیان پر تازہ ردعمل حقائق کے تعین کیلئے اہم قرار دیا گیا، انتخابات میں بدترین دھاندلی اور عوامی مینڈیٹ پر کھلے ڈاکے کی جامع تحقیقات کے مطالبے کا بھی اعادہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اگر سائفر نہیں تھا توپھرامریکی سفیر کو بلا کرڈی مارش کیوں کرایا گیا: علی محمد خان

اجلاس میں قرار دیا گیا کہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف ہی کورکمیٹی کے فیصلوں کی تشہیر و اشاعت کے واحد مجاز ہیں۔