تحریک انصاف کی شمالی وزیرستان میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت

Published On 17 March,2024 07:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی شہادت پر گہرا دکھ اور افسوس ہوا، خود کش حملے میں7 افسروں و جوانوں کی جانوں کے ضیاع کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میرعلی میں چیک پوسٹ پردہشتگرد حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اورکیپٹن سمیت 7جوان شہید

پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کا جواں مردی سے مقابلہ کرنے پر بہادر جوان خراج تحسین کے مستحق ہیں، سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پاکستانی قوم اور افواج نے تاریخی قربانیاں دی ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی نئی لہر حکمرانوں سے مؤثر اور ٹھوس حکمت عملی کے نفاذ کا تقاضا کرتی ہے، دہشت گرد اور فتنہ پرور عناصر ملک کو داخلی عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، پاکستانی قوم ملک دشمن عناصر کے خلاف اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میر علی میں شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ ادا، صدر اور آرمی چیف کی شرکت

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ قوم مکمل اتحاد اور ثابت قدمی سے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہے، شہداء کے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں، فوری اور مؤثر پالیسی اقدامات کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔