الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی

Published On 09 March,2024 02:41 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے سے متعلق محمود خان اچکزئی کی درخواست مسترد کر دی۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار محمود خان اچکزئی نے الیکشن کمیشن کو صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست دی تھی جسے مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب شیڈول کے مطابق ہی کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے 14 ویں صدر کا انتخاب آج ہو گا، محمود اچکزئی پر آصف زرداری کا پلڑا بھاری

واضح رہے کہ صدارتی امیدوار محمود اچکزئی نے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی متعدد مخصوص نشستیں ابھی خالی ہیں اس لئے الیکٹورل کالج مکمل ہونے تک الیکشن ملتوی کیا جائے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ صدارتی الیکشن موخر کر کے پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی جائے جس میں سینئر ترین رضا ربانی اور مشاہد حسین سید جیسے لوگ شامل ہوں، کمیٹی 7 دن کے اندر تمام مسائل کا حل نکال سکتی ہے، خدارا ملک پر رحم کریں۔