پشاور : (دنیانیوز) خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں میں سہولیات کا فقدان یا پھرغیر معیاری تعلیم، اقدامات کے باوجود بھی 46 لاکھ 77 ہزار بچوں کوسکولوں میں داخل نہ کرایا جاسکا۔
محکمہ تعلیم کی دستاویز کے مطابق بندوبستی اضلاع میں 36 لاکھ 71 ہزارسے زائد بچے سکولوں سے اب بھی باہر ہیں جبکہ قبائلی اضلاع میں 10 لاکھ 6 ہزار111 بچے سکولوں سے باہرہیں۔
دستاویز کے مطابق بندوبستی اضلاع میں 22 لاکھ 89 ہزار سےزائد لڑکیاں سکولوں میں زیر تعلیم نہیں ، بندوبستی اضلاع میں 13 لاکھ 81 ہزار 842 لڑکے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ ضم اضلاع میں 3 لاکھ 60 ہزارسے زائد لڑکے، 6 لاکھ 45 ہزارسےزائد لڑکیاں سکولوں سے باہر ہیں۔
دستاویزکے مطابق بندوبستی اضلاع میں 47 فیصد لڑکیاں اور 27 فیصد لڑکےسکولوں میں زیر تعلیم نہیں، ضم اضلاع میں 74 فیصد لڑکیاں اور 38 فیصد لڑکیاں سکولوں سے باہر ہیں ۔
محکمہ تعلیم نے غربت، بے روزگاری، تعلیم کی آگاہی نہ ہونے کو بنیادی وجہ قرار دے دیا ، سیکرٹری تعلیم کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سکولوں سے باہربچوں کو سکول لانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، رواں سال بھی داخلہ مہم میں لاکھوں بچوں کو سکولوں میں داخل کیا جائے گا۔