جعلی الیکشن کے نتیجے میں حکومت بنانے والے ہائی جیکرز ہیں: سراج الحق

Published On 25 February,2024 10:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جعلی الیکشن کے نتیجے میں حکومت بنانے والے ہائی جیکرز ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ جو عمارت تعمیرکی گئی چند مہینوں بعد دھڑام سے گر جائے گی، جعلی حکومت کی عمارت کا ملبہ اٹھانے والا بھی کوئی نہیں ہوگا، ایک چور کے بعد دوسرے چور کومسلط کیا جا رہا ہے، قوم سوال کرتی ہے کہ ان کو قطاروں میں کھڑا کرکے وقت کیوں ضائع کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ الیکشن میں کامیابیاں حاصل کرنے والوں کے چہروں پر مصنوعی مسکراہٹ ہے، حکمرانوں کی جیبوں میں امریکا و یورپ کے ویزے ہیں، عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ ن لیگ، پی پی کی آخری حکومت ہوگی۔