کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی ائی کی جانب سے آئی ایم ایف اور دیگر انویسٹرز کو خط لکھنے کی حرکت ان کے ذہنیت کی عکاس ہے۔
اپنے بیان میں ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ دوست ممالک کو پاکستان کی معاشی امداد نہ کرنے کا خط بھیجنا انتہائی افسوس ناک ہے، یہ حرکت پاکستان کے معاشی مستقبل سے کھلواڑ کے مترادف ہے، آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا مطلب پاکستانی عوام کے مفادات کے ساتھ کھلواڑ، ملک کو معاشی ابتری سے دوچار کرنا ہے، کیا بانی پی ٹی آئی اسی طرح پاکستان کے مفادات کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابات میں مبینہ دھاندلی: بانی پی ٹی آئی کا آج آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا فیصلہ
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو پاکستان میں صرف انتشار، عدم استحکام اور افراتفری چاہیے، تحریک انصاف کا خط لکھنے کا اعلان غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، پی ٹی آئی پہلے بھی ایسی غلطیاں کر چکی ہے، 2018ء میں دھاندلی کے باوجود ہم نے کبھی ایسی حرکت نہیں کی، جس ملک نے انہیں عزت دی اور وزیر اعظم بنایا اسی ملک کی عزت سے کھیل رہے ہیں۔
سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ ماضی میں پی ٹی آئی کی تین صوبوں میں حکومتیں آئیں پھر بھی ایسا سوچنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، ایک صوبے میں مسلسل 10 سالوں سے ان کی حکومت ہے پھر بھی وہ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کے ریاست کیخلاف کام کرنے اور ملک کے مفادات پامال کرنے کی بنا پر قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔