لاہور(دنیا نیوز) نامزد وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے ملاقات کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان کی زیر صدارت ہنگامی طور پر آل سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ افتخار سہو نے اجلاس کو بریفنگ دی، اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25 کی تیاری کا بھی جائزہ لیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25 کی تیاری کے سلسلے میں گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں، ہر محکمے کیلئے فنانشل سیلنگ مقرر کی گئی ہے۔
چیف سیکرٹری نے محکموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے سلسلے میں جاری کی گئی ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا ہر محکمہ کم از کم پانچ ہائی امپیکٹ منصوبے، تین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سکیمیں تیار کرے، ترقیاتی منصوبوں کی تیاری میں مفاد عامہ کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے، تعلیم، صحت اور توانائی کے شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنوبی پنجاب)، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور تمام محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز نے شرکت کی۔