راولپنڈی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی سیف سٹی منصوبے کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب پولیس اینٹی گریٹڈ کمانڈ، کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سینٹر راولپنڈی کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈیجیٹل وال پر کیمروں کی مدد سے شہر میں سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے ریکارڈ مدت میں سیف سٹی پراجیکٹ کو آپریشنل کرنے پر انسپکٹر جنرل پولیس اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی، محسن نقوی نے کہا کہ ناممکن کو ممکن بنانے کیلئے دن رات محنت کی گئی، اللہ تعالیٰ کا بے پایاں شکر ہے کہ آج تیسرے شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ کا آغاز ہوگیا ہے۔
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) February 6, 2024
نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بظاہر یہ ناممکن ٹاسک تھا لیکن پوری ٹیم نے جان لڑا دی اور سیف سٹی پراجیکٹس کو شروع کیا، سیف سٹیز اتھارٹی کا اب لاہور سے نکل کر پنجاب بھر میں دائرہ وسیع ہو چکا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ 18 دیگر شہروں میں بھی جلد سیف سٹی پراجیکٹس کا آغاز ہو جائے گا، سیف سٹی پراجیکٹس میں 84 ارب روپے کی خطیر رقم کی بچت کی گئی ہے، ہم نے اپنے وسائل سے خود سیف سٹی پراجیکٹس لگائے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ کا پولنگ سٹیشنز پر کیمروں کی تنصیب کا کام آج مکمل کرنے کا حکم
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت راولپنڈی میں مجموعی طور پر 306 مقامات پر 1886 کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، کمشنر راولپنڈی، آر پی او راولپنڈی، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سی پی او راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔