ضروری نہیں مولانا صاحب نے جوبات کی وہ 100 فیصد درست ہو: شرجیل میمن

Published On 16 February,2024 10:57 am

کراچی : (دنیانیوز) رہنما پیپلز پارٹی شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ضروری نہیں کہ مولانا صاحب نے جو بات کی وہ 100فیصد درست ہو، چاہتے ہیں تمام سیاسی جماعتیں ملکی مسائل کے حل کیلئے ساتھ بیٹھیں۔

رہنما پیپلز پارٹی شرجیل میمن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کافی حلقوں پر پیپلز پارٹی کو خدشات تھے، پی پی چاہتی ہے استحکام ہو تاکہ ملک کو آگے لے کر جایا جائے، آئینی و قانونی حق کے استعمال سے کسی کو منع نہیں کیا جائے گا، ہم نے یہ کبھی نہیں کہا کہ  ایم کیو ایم سے ہمارا لڑائی،جھگڑا یا دشمنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ باقی سیاسی پارٹیاں باؤنڈریز کھینچتی ہیں، آصف زرداری کا دل بہت بڑ ا ہے جو ملک کو آگے لیکر چلنا چاہتے ہیں، اگر کوئی شخص سب کو ایک میز پر اکٹھا کرسکتا ہے تو وہ آصف زرداری ہے، تمام سٹیک ہولڈرز کو ملک کیلئے اکٹھا بیٹھنا پڑے گا، کہیں جگہ ہم نے انا کا مسئلہ بنا لیا ہے،ملک کیلئے ایک جگہ آنا ہوگا۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ ملک ہے تو سب کچھ ہے، سیاست اور الیکشن بعد کی بات ہے، شہید بینظیر بھٹو کو تاریخی دھاندلی کرکے ہرایا گیا اور نوازشریف کو جتوایا گیا تھا، شہید بینظیر بھٹو نے 17سیٹوں کے ساتھ بھی اسمبلی میں بیٹھنے کا اعلان کیا ، 2013میں بھی نوازشریف تاریخی دھاندلی کرکے جیتے، ہمیں پتہ تھا دھاندلی ہوئی ہے پھر بھی اسمبلی میں بیٹھے۔

ان کاکہنا تھا کہ  2018میں بھی ہم دھاندلی کے باوجود اسمبلی میں بیٹھے، ن لیگ اور مولانا فضل الرحمان استعفیٰ دینا چاہ رہے تھے لیکن ہم نے روکا، پھر بانی پی ٹی آئی کو عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے ہٹایا گیا، پیپلز پارٹی نے غیر آئینی اور غیر قانونی راستہ اختیار نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ پی پی اور ن لیگ سے بات نہیں کرنا چاہتے۔