الیکشن کمیشن کا پی بی 21 میں دوبارہ گنتی روکنے کا حکم

Published On 14 February,2024 12:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 21 میں دوبارہ گنتی روکنے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کے دوران ریٹرننگ افسر کے دفتر میں شرپسندوں کے گھسنے پر انکوائری کا حکم جاری ہے جبکہ آر او کے دفتر میں ریکارڈ ٹمپر کرنے کی انکوائری کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں 4 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس میں الیکشن کمشنر بلوچستان، ڈی آر او حب، ڈائریکٹر الیکشن کمیشن بلوچستان اور ڈائریکٹر لاء بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے حلقہ پی بی 21 حب سے بلوچستان عوامی پارٹی کے صالح بھوتانی 30 ہزار سے زائد ووٹ لے کرکامیاب ہوئے ہیں جبکہ نیشنل پارٹی کے رجب علی رند 17 ہزار ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔