این اے 64: ہارنے والی تمام جماعتوں کے امیدواروں کا نتیجہ چیلنج کرنے کا فیصلہ

Published On 13 February,2024 05:15 pm

گجرات: (دنیا نیوز) این اے 64 گجرات سے ہارنے والی تمام جماعتوں کے امیدواروں نے نتیجہ چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

گجرات کے حلقہ این اے 64 کی دوبارہ گنتی کے بعد ہارنے والی تمام جماعتوں کے امیدواروں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پوسٹل بیلٹ کے علاوہ ہمیں کوئی بیلٹ نہیں دکھایا گیا، پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی نے کہا کہ تین چار دنوں میں انہوں نے سب کچھ مینج کر لیا۔

قیصرہ الہٰی نے کہا کہ میرے ووٹ ڈیڑھ لاکھ کے قریب ہیں، سینکڑوں ہزاروں کا فرق تو دیکھا سنا لاکھوں کا آج تک نہیں دیکھا اور نہ ہی سنا، ہم اس کے حوالے سے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کر رہے ہیں۔

ٹی ایل پی کے امیدوار عبدالکریم نے کہا کہ ہمیں آر او دفتر کے چکر لگوائے جاتے رہے، اس قسم کی دھاندلی کبھی نہیں دیکھی، ہم اس الیکشن کو چیلنج کریں گے، ہم تمام جماعتوں کے فارم 45 ایک جیسے ہیں، ہم ان نتائج کو کبھی نہیں مانیں گے، ہم تسلیم کرتے ہیں کہ جیت باجی قیصرہ الہٰی کی ہوئی ہے۔

پی پی امیدوار کے وکیل نے کہا کہ آر او کا کہنا ہے کہ ہم مجبور ہیں کچھ نہیں کر سکتے، ہم نے درخواست کی ہے کہ تمام تھیلوں کو سیل کیا جائے، امیدوار مرکزی مسلم لیگ نے کہا کہ اس الیکشن میں کھلی دھاندلی اور ووٹ چوری ہوئے۔

امیدوار جماعت اسلامی راجہ ساجد شریف نے کہا کہ یہ سارا الیکشن فراڈ ہے، اس الیکشن میں تیسرے نمبر کے امیدوار کو جتوایا گیا، اس الیکشن میں بی بی قیصرہ الہٰی جیتی ہیں، یہ فراڈ الیکشن اور پورے ملک میں ایسا ہی ہوا ہے۔