ریٹرننگ افسران کو متعدد حلقوں کے حتمی نتائج جاری کرنے سے روک دیا گیا

Published On 11 February,2024 12:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو عام انتخابات 2024 میں قومی و صوبائی اسمبلی کے متعدد حلقوں پر امیدواروں کی کامیابی کے حتمی نوٹیفکیشنز جاری کرنے سے روک دیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے این اے 48 میں نتائج کی مبینہ تبدیلی پر سماعت کی۔

تحریک انصاف کے امیدوار علی بخاری کے وکیل نے دلائل دیئے کہ علی بخاری فارم 45 کے مطابق کامیاب ہوئے، ریٹرننگ افسر نے ہماری استدعا کے برعکس فارم 47 جاری کر دیا، ہماری 50 ہزار کی لیڈ کو ختم کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:این اے 15: الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر کو حتمی نتیجے سے روک دیا

الیکشن کمیشن نے استحکام پارٹی کے نامزد کامیاب آزاد امیدوار راجہ خرم نواز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کو اسلام آباد سے این اے 47 اور 48 کے حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔

اسی طرح پی کے 73، پی کے 79، 80 اور پی کے 82 کے بھی نتائج کے خلاف سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن نے دونوں حلقوں میں ریٹرننگ افسران کو حتمی نتائج جاری کرنے سے روک دیا، پی کے 79سے تیمور سلیم اور پی کے 82 سے کامران بنگش نے نتائج کو چیلنج کیا ہے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن میں این اے 28، این اے 49 اٹک ، این اے 50 اٹک، این اے 55 راولپنڈی، این اے 63 اور این اے 65 کے نتائج بھی چیلنج کر دیئے گئے۔

پی بی 01، پی پی 11، پی پی 20 ، پی پی 14 ،پی پی 16 ، پی پی 31، پی پی 33، پی پی 59 کے نتائج بھی الیکشن کمیشن میں چیلنج کر دیئے گئے۔

الیکشن کمیشن نے ملک بھر سے قومی اسمبلی کی 10 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر آر اوز کو حتمی نتائج سے روک دیا۔